بھڑ(wasp) (تمبوڑی)
بھڑ یعتی تمبوڑی (پنجابی: تربھوڑی) کے حوالے سے ایک دلچسپ معلوماتی تحریر
جی ہاں آپ نے بالکل پہچانا. یہ جناب تو کسی بھی تعریف کی محتاج نہیں. یہ وہ واحد کیڑا ہے جسے چھوٹے بڑے، مرد عورت، اور زندگی کے ہر شعبے سے وابستہ لوگ جانتے ہیں. اس کیڑے کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ یہ بہادر سے بہادر اور طاقتور سے طاقتور جوانوں کی قمیضیں بیج سڑک کے اتار دیتا ہے. اسی کی وجہ سے آپ کو پاکستان میں بھی چائنیز آنکھوں والے لوگ دیکھنے کو ملیں گے. جس کی دہشت ایف 16 اور جے ایف 17 تھنڈر طیارے سے بھی زیادہ ہے.
جی ہاں گرمیوں کا بے تاج بادشاہ، دہشت کی مارکیٹ میں اعلیٰ مقام، جس کے نام سے زمانہ کانپتا ہے، جس کے ظلم و بربریت کی داستانیں اور تصاویر رقم ہیں.
چلیں اب اس کے بارے میں کچھ سائنسی ہو جائے.
اس کیڑے کو عام انگریزی میں Yellow paper wasp کہتے ہیں, اردو میں بھڑ اور پشتو میں مچے بولتے ہیں. مقامی لوگ اسے مختلف ناموں سے جانتے ہیں. اس نوع کا سائنسی نام Polistes wattii ہے اور تعلق کیڑوں کے Vespidae خاندان سے ہے. اس کیڑے کے 300 سے زائد مختلف اقسام ہیں.
رہائش
یہ کیڑے انسانی آبادی کے اندر گھروں میں رہنا پسند کرتے ہیں. یہ اپنا چھتا پودوں اور درختوں سے باریک ریشے اکٹھے کر کے اور اپنے لعاب میں مکس کر کے بناتے ہیں.
خوراک
اس نوع کے تقریباً سب افراد دوسرے چھوٹے کیڑے مکوڑوں کا شکار کرتے ہیں اور اس کو بطور خوراک استعمال کرتے ہیں.
زندگی کے ادوار
سب سے پہلے ایک مکھی اکیلے چھتا شروع کرتی ہے جس میں ایک ہی خانہ ہوتا ہے. اس ایک خانے میں انڈا دینے کے بعد جب بچہ نکل آتا ہے تو اسکی ماں اس کو دن میں کئی دفعہ نرم خوراک لا کر دیتی ہے. بلوغت کے بعد وہی مکھی اپنے ماں کا ہاتھ بٹھاتی ہے اور اسی طرح وہ چھتا اور اس میں مکھیوں کی تعداد وقت کے ساتھ بڑھتی جاتی ہے.
اس میں کچھ انواع دوسرے چھتے پر حملہ آور ہو کر چھتا چھین لیتے ہیں اور اسی کو افزائش نسل کے لئے استعمال کرتے ہیں. جبکہ کچھ انواع آس پاس کے چھتوں میں جا کر چھتا بڑھانے میں دوسرے مکھیوں کی مدد کرتے ہیں.
یہ نوع پھلوں کو کھا کر باغوں کو نقصان بھی پہنچاتی ہے کیونکہ یہ میٹھی اشیاء کی شوقین ہوتی ہے.
زہر
اس مکھی کے زہر میں hyaluronidase، histamine اور phospholipase وغیرہ کیمیکلز ہوتے ہیں.
ڈنک
اسکے ڈنک کا نقصان مختلف لوگوں میں مختلف ہوتا ہے. اس کا انحصار بندے پر ہے کہ وہ اسکے زہر کو کتنے حساس ہوتے ہیں. کچھ لوگوں پر اس کے زہر کا زیادہ اثر ہوتا ہے جبکہ کچھ لوگوں پر کم، البتہ درد ہر کسی کو ہوتا ہے.
ڈنک کا فوری علاج
ڈنک کا فوری علاج یہی ہے کہ متاثرہ جگہ کو صابن اور پانی سے دھویا جائے اور اسی جگہ وقفے وقفے سے برف کا ٹکڑا رکھا جائے.
زیادہ سوجن کی صورت میں cetirizine فارمولا میں کوئی دوائی لی جا سکتی ہے اور بہتر یہ ہے کہ ڈاکٹر سے رجوع کریں.
سب سے پہلے یہ دیکھیں کہ گھر کے کس جگہ ان کے چھتے بنانا متوقع ہے. اس جگہ پر پہلے سے ہی پٹرول اور مٹی کا تیل مکس کر کے سپرے کریں.
دوسرا طریقہ یہ ہے کہ پودینے کا پانی چھڑکیں.
اگر وہ چھتا بنانے میں کامیاب ہو جائیں تو پیٹرول دور سے چھتے پر ڈالنے سے بھاگ جائیں گے مگر یہ طریقہ خطرناک ہے.
بہتر یہی ہے کہ ان کے چھتے کو نہ چھیڑیں اور اپنے کام سے کام رکھیں. ورنہ نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں.
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں