بدھ، 18 مئی، 2022

بچے کیسے سیکھتے ہیں

ذرا توجہ کیجئے! 


 والد کتاب پڑھنے میں مشغول ہیں، والدہ کچن میں برتن دھو رہی ہیں اور بچہ ہال میں کھلونوں کے ساتھ کھیل رہا ہے۔ 


ٹیلیفون بجتا ہے ماں کام چھوڑ کر ٹیلیفون کی طرف جانا چاہتی ہیں لیکن والد ان سے پہلے ہی اٹھ کر فون اٹھا لیتے ہیں۔ فون پر بات کرکے دوبارہ مطالعہ شروع کر دیتے ہیں۔


 والد گھر میں نہیں، بچہ مسلسل ماں کا دامن کھینچ رہا ہے کہ میرے ساتھ کھیلیں لیکن ماں کھانا بنانے میں مصروف ہیں اس لیے کہتی ہیں : تھوڑا صبر کرو بیٹا چند منٹ بعد آؤں گی۔ اچانک فون بجتا ہے، ماں کام چھوڑ کر فون اٹھاتی ہیں۔


 بچہ چند دنوں سے اس بات کو نوٹ کر رہا ہے (فون کی آواز سن کر کام چھوڑ کر جواب دینا)


 آج بھی فون بجا بچہ جو کاپی میں رنگ کر رہا تھا، فوراً فون کا جواب دینے اٹھا سب سے پہلے اس نے فون اٹھایا لیکن ماں نے مسکرا کر اس کے ہاتھوں سے فون لے لیا۔


 اب آگے دیکھئے!!! 


بچہ اپنی گاڑی سے کھیل رہا ہیں ، ماں کپڑے استری کررہی ہے، والد صوفے پہ لیٹے اخبار پڑھ رہے ہیں۔


 مسجد سے اذان کی آواز آتی ہے بچہ سر اٹھاکر ایک نظر باہر ڈالتا ہے اور آواز کو ڈھونڈتا ہے پھر ایک نظر اپنے والدین پر کوئی خاص حرکت نہیں دیکھی دوبارہ کھیلنے میں مصروف ہوگیا۔


 ماں پھلوں کی پلیٹ لے کر والد کے نزدیک بیٹھتی ہیں۔ بچے کو اپنی گود میں بٹھاتی ہیں۔ سب میوے کھانے میں مصروف ہیں۔ اذان کی آواز آتی ہے، بچہ پھر آواز کی طرف توجہ کرتا ہے، والدین کی طرف سے کوئی اقدام دیکھنا چاہتاہے لیکن چند روز تک ایسے ہی ہوتا ہے۔


 آج پھر گھر میں سب اپنے کاموں میں لگےہوئے ہیں اور بچہ کھیلنے میں۔ اذان کی آواز آتی ہے لیکن بچہ سر اٹھا کہ بھی نہیں دیکھتا۔


 یہ وہی فرمانِ حضور اکرم ﷺ ہے جس میں خبردار کیا گیا ہے

 

 *"بچے پاک فطرت پہ پیدا ہوتے ہیں، یہ ماں باپ ہیں جو اسے بے دین کرتے ہیں"* 


 اگر والدین اذان کی آواز سن کر کام کاج چھوڑ کر نماز کی طرف جائیں تو بچے کے تحت شعور میں محفوظ ہو جائے گا کہ اذان کی آواز آئے تو کیا کرنا ہوتا ہے؟


 جیسے فون کی آواز کے بعد کا رد عمل اس کے ذہن میں رہ گیا۔


 اسی طرح بچہ نماز سے آشنا ہوتا ہےاور بغیر بولے ہمارے عمل سے سیکھتا ہے۔


انتخاب،، شیراز صدیقی 


❂▬▬▬๑۩۞۩๑▬▬▬❂

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں