اتوار، 22 مئی، 2022

نماز قضا سے کیسے بچیں

 *سلسلہ نصیحةُ القرآن*

مرتب:-✍️

*محمد حسن*

فاضل:-وفاق المدارس العربیہ پاکستان

---------------------------------------


🌹 سورہ مریم آیت 59۔


*نماز کبھی بھی قضا نہ کریں خصوصاً نماز فجر کی ادائیگی کا خاص خیال رکھیں*۔

ہر ممکن کوشش کریں کہ کبھی بھی نماز فجر قضا نہ ھو. 


🍀 سورہ مریم آیت 59 میں اللہ تعالی کا اِرشاد ہے. 


*فَخَلَفَ مِنْ بَعْدِهِـمْ خَلْفٌ اَضَاعُوا الصَّلَاةَ وَاتَّبَعُوا الشَّهَوَاتِ ۖ فَسَوْفَ يَلْقَوْنَ غَيًّا*۔

✍️ ترجمہ:-

پھر ان کے بعد(بعضے) ایسے بُرے لوگ پیدا ھوئے جنہوں نے نماز کو برباد کیا

(یعنی اس کی ادائیگی میں کوتاہی کی) 

اور(نفسانی ناجائز) خواہشوں کی پیروی کی

(جو فرض اطاعت سے غافل کرنے والی تھی)

سو یہ لوگ عنقریب (آخرت میں) خرابی دیکھیں گے۔


🌷حضرت عمر فاروق رَضِیَ اللہ عنہ نے اپنے سب حکومتی اہلکار کو یہ ھدایت نامہ لکھ کر بھیجا تھا کہ میرے نزدیک تمہارے سب کاموں میں سب سے زیادہ اہم نماز ہے تو *جو شخص نماز کو ضائع کرتا ہے وہ دوسرے تمام احکامِ دین کو بھی ضائع کرے گا۔*

(📚موطّا امام مالک)


🌷حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ نے ایک شخص کو دیکھا کہ نماز کے آداب اور تعدیلِ ارکان میں کوتاہی کرتا ہے تو اس سے دریافت کیا کہ تم کب سے یہ نماز پڑھتے ہو۔ اس نے کہا کہ چالیس سال سے، حضرت حذیفہ رضی اللہ عنہ نے فرمایا کہ تم نے ایک بھی نماز نہیں پڑھی اور اگر تم اسی طرح کی نمازیں پڑھتے ہوئے مر گئے تو یاد رکھو کہ فطرت محمد صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے خلاف مرو گے۔

(📚تفسیر معارف القرآن)


*غور کرنے کی بات ہے* کہ صحابی رسول ﷺ نماز ٹھیک طرح نہ پڑھنے پر کتنی ناراضگی کا اظہار فرما رہیں ہیں پھر جو شخص بالکل بھی نماز نہ پڑھے تو اس کا کیا حال ھو گا؟


اس آیت میں جو *وَاتَّبَعُوا الشَّهَوَاتِ* کے الفاظ ہیں یعنی نماز ضائع کرنے کی وجہ یہ تھی کہ خواہشوں کے پیچھے پڑ گئے۔

*شہوات* سے مراد دنیا کی وہ لذتیں ہیں جو انسان کو اللہ کی یاد اور نماز سے غافل کریں خواہ وہ کوئی بھی چیز ھو۔

پھر اللہ تعالی نے فرمایا *فَسَوْفَ يَلْقَوْنَ غَيًّا* یعنی یہ لوگ عنقریب (آخرت میں) خرابی دیکھیں گے۔

*لفظ غیّ* عربی زبان میں ہر برائی اور شر کو غیّ کو کہتے ہیں۔

حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے منقول ہے کہ *غیّ* جہنم کے ایک غار کا نام ہے جس میں سارے جہنم سے زیادہ، طرح طرح کے عذاب جمع ہیں۔

(📚تفسیر قرطبی)


🌷حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنھما نے فرمایا کہ *غیّ* جہنم کے ایک غار کا نام ہے جس سے باقی جہنم بھی پناہ مانگتی ہے۔

 (📚تفسیر قرطبی)


*لہذا نماز فجر کبھی بھی قضا نہ کریں،بغیر شرعی ضرورت کے رات دیر تک کبھی بھی نہ جاگیں کہ نماز فجر ہی قضا ہو*۔

اپنے ربّ کی رضا کا خیال رکھتے ہوئے ابھی سے ہر ممکن کوشش اور عزم کریں کہ مجھے نماز فجر کبھی بھی قضا نہیں کرنی۔


*🌻 نماز فجر جیسے اھم فریضہ کی ادائیگی کے اھتمام کے لئیے درج ذیل 5 تدابیر پر عمل لَازم ھے👇*


1️⃣ آپ سب سے پہلے ہر روز کسی بھی وقت خصوصا رات کو پکا ارادہ و عزم کریں کہ جو بھی ہو مجھے نماز قضا نہیں کرنی اپنے اس خالق و مالک کو کیسے ناراض کروں جو رات کو نیند اور سانس لینا جیسی نعمت عطاء فرماتا ہے لاکھوں لوگ نیند کے لئیے ترستے ہیں لیکن یہ نعمت حاصل نہیں ھوتی پھر میں اپنے رب کے بارے میں اتنا بے حس اور بے وفا ہوں آخر کب تک یہ سلسلہ چلتا رہے گا۰

میں گھڑی کی اواز سن لوں تو کیا یہ ٹک ٹک کی اواز آ رہی ھوتی ہے ؟؟ 

*نہیں!*

بلکہ کَٹ کَٹ کی اواز آ رہی ہے زندگی کا ایک ایک لمحہ کَٹ کر میں خود موت اور قبر کی طرف جانے والا ہوں پھر اتنی غفلت کیسے؟ آخر میں کس گناہ میں مبتلا ہوں کہ فرض عبادت کی توفیق بھی نہیں مل رہی۔


2️⃣ پھر رات دیر سے نہ سوئیں بلکہ جلدی سو جائیں بعض شہروں کے لوگ رات بہت دیر سے سوتے ہیں یہ بہت بری اور خلاف سنت عادت ہے آپکو گھر میں جلدی سونے کا ماحول بنانا چاہیے یا کم از کم خود ہی جلدی سونے کی عادت ڈالیں سونے سے پہلے مسنون اذکار پڑھ کر اللہ تعالی سے دعا مانگا کریں کہ اے اللہ میں رجوع کرنا چاہتا ہوں مجھے اپنا بنا لیں شیطان کے حوالہ نہ کر۔


3️⃣ گناہ کبیرہ سے مکمل اجتناب کریں *خصوصا رات دیر تک موبائل ہرگز استعمال نہ کریں* بدنظری یعنی فلم ڈرامہ گانے دیکھنے سے مکمل اجتناب کریں کیونکہ یہ عبادت کی مٹھاس حلاوت ختم کرنے اور توفیق نہ ملنے میں زہر کی طرح اثر کرتی ھے۔دوسری بات یہ کہ نیند موت کا بھائی جیسا یے لہذا اپنی مصروفیات کا اختتام گُناہ کے کام پر نہ کریں، کیا معلوم اِسی رات کو اچانک موت آ جائے۔


4️⃣ پھر موبائل الارم ⏰ پر لگا لیں آپنے گھر والوں کو بھی کہہ دیں کہ مجھے ضرور نماز کے لئیے جگائیں آپکے جو دیندار دوست Friends ھو اسے کہہ دیں کہ آپ مجھے نماز فجر کے لئیے موبائل پر کال کیا کریں *غرض سب ذرائع استعمال کریں*۔


5️⃣ اور اخری بات یہ کہ نماز قضاء کرنے کی سزا یاد دلائیں کہ جھنم میں کیسی سزا بھگتنا پڑے گی؟؟ ہر وقت یہی آخرت والا سوچ رکھا کریں۔


*نماز فجر ادا کرنے کے بعد مجھے بھی اپنی خصوصی دعاؤں میں ضرور یاد رکھیں*۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں